اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رپورٹوں کے مطابق مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ داعش دہشت گردوں نے صوبہ نینوا کے مغربی علاقے میں سرکاری ملازمین اور یونیورسٹی کے پروفیسروں سمیت پچاس عام شہریوں کا قتل عام کر دیا۔ عراقی ذرائع کے مطابق داعش دہشت گردوں نے سات ہزار سے زیادہ افراد کو اپنی جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔ قیدیوں میں متعدد یونیورسٹی پروفیسر، فوجی افسر، مذہبی رہنما اور عراق کی پارلیمنٹ کے سابق امیدوار بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ داعش دہشت گردوں نے ڈھائی سو سے زیادہ خواتین کو بھی قید کر رکھا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق داعش دہشت گرد گروہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ نینوا میں بڑھتی ہوئی عوامی مخالفت کی وجہ سے ان تمام قیدیوں کو موت کی سزا دی جائے گی۔ ادھر عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے جمعے کے دن اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چھے مہینے کے دوران داعش دہشت گردوں نے صوبہ نینوا کے دو ہزار ستّر افراد کو صرف اس جرم میں قتل کر دیا کہ انہوں نے اس گروہ کے ساتھ تعاون کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲